انقرہ / دمشق: ترکیہ اور شام میں 6 فروری کو آنے والے زلزلے میں جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہزار سے بھی تجاوز کرگئی ہے جب کہ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کا آپریشن بھی تاحال جاری ہے، جس میں مزید کئی روز لگیں گے۔
غیرملکی خبر رساں اداروں کے مطابق ترکیہ میں زلزلے سے 19 ہزار سے زائد جبکہ شام میں 3 ہزار سے زیادہ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ سیکڑوں منہدم عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کو زندہ نکالنے کی امیدیں معدوم ہوتی جارہی ہیں۔
ترکیہ اور شام میں 7.8 شدت کے قیامت خیز زلزلے سے متاثر ہزاروں افراد شدید سردی میں کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبورہوگئے ہیں۔ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں کھانے پینے کی اشیا کی قلت ہوگئی ہے۔
دوسری جانب ملبے تلے دبے افراد کی زندگی کی امیدیں دم توڑنے لگی ہیں اور محکمہ صحت نے مزید اموات کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔اُدھر اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ ترکیہ اور شام میں زلزلے کی تباہی کی تصویر اب تک غیر واضح ہے اور اموات کا درست تعین بھی تاحال نہیں ہوسکا۔
