لاہور: امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ بجلی کے بعد گیس کی قیمتوں میں 124 فیصد اضافہ وفاقی حکومت کا عوام دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے، بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافے سے صارفین کی چیخیں نکل جائیں گی اور مہنگائی کا طوفان برپا ہو جائے گا۔
حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اس قدر اضافے سے معیشت پر برے اثرات مرتب ہوں گے، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور منی بجٹ لانے سمیت کئی ظالمانہ فیصلے عوام دشمنی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایسا لگ رہا ہے جیسے حکمرانوں نے مل کر ملک وقوم، معاشی، سیاسی اور اخلاقی لحاظ سے دیوالیہ کرنے کی قسم کھا رکھی ہے،حکومت عوام کو ریلیف فراہم کی بجائے عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑ رہی ہے ۔
امیر سربراہ ٹی ایل پی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ و برباد کر دیا ہے اور عوام مہنگائی اور بیروزگاری کے باعث اذیت کا شکار ہیں، مہنگائی نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ ملک بحرانوں سے نکالنے اور عوام کو ریلیف دینے کا نعرہ لگا کر حکومت میں آنے والے غریب عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتوں سے بھی محروم کر رہے ہیں۔
