English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی جیبوں پر ڈاکا ہے،  ضیاالدین انصاری

لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ کو عوام دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیٹرول، بجلی اورگیس کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی جیبوں پر ڈاکا ہے۔

ضیا الدین انصاری نے کہاکہ  حکومت آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر غریب اور عام آدمی پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہی ہیں، ملک میں مہنگائی سے متعلق تمام فیصلے آئی ایم ایف کی مرضی سے کیے جا رہے ہیں اور عام آدمی کو مہنگائی کے ذریعے زندہ درگور کیا جارہاہے جس پر جماعت اسلامی خاموش نہیں رہے گی۔

انہوں نے کہاکہ  جماعت اسلامی عوام کے حق کیلئےحکمرانوں کے خلاف جدوجہد کریگی قوم ہمارا ساتھ دے، پی ٹی آئی کی حکومت نے قوم کو تبدیلی اور مدینہ کی ریاست کے نام پر دھوکہ دیا ہے اورپی ڈی ایم نے عوام کو ریلیف اور مہنگائی کے خاتمے کے نام پر دھوکہ دیا ہے۔

رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ تینوں جماعتوں نے لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کی بجائے ان میں کئی سو گناہ اضافہ کردیا ہے۔عوام حکمرانوں کو گربیان سے پکڑنے کیلئے تیار بیٹھے ہیں۔تینوں پارٹیوں کی سیاست کے ایجنڈے میں عوام کو ریلیف پہنچانا نہیں بلکہ آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کرکے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پسنا ہے۔

ضیا الدین انصاری نے مزید کہاکہ کمر توڑ مہنگائی کی وجہ سے پوری قوم شدیدپریشان اور حکمرانوں کی غلامانہ عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر غریب اور عام آدمی پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے