English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمن فیصلہ ہے، حافظ نعیم الرحمن

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے پیٹرولیم مصنوعات و گیس کی قیمتوں میں اضافے سمیت 170ارب روپے کے منی بجٹ اور نئے ٹیکسز کے نفاذ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے حکومت کا ایک اور ظالمانہ اور عوام دشمن فیصلہ قرار دیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ مہنگائی کم کرنے کی دعویدار اتحادی حکومت اور لانگ مارچ کرنے والے خود مہنگائی میں اضافہ کر رہے ہیں ،پیٹرول 22.20روپے ، ڈیزل 17.20روپے ،گیس کی قیمتوں میں 113فیصداضافہ کرنے والے بتائیں عوام کو ریلیف کیسے ملے گا ؟

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  موجودہ اور سابقہ حکومتوں کی اقتصادی اور معاشی پالیسیاں آئی ایم ایف اور عالمی مالیاتی اداروں کی غلامی اور ڈکٹیشن قبول کرنے کی سوا کچھ نہیں ، ملک اور قوم کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا گیاہے ، قرض مختلف حکومتوں نے لیا ، حکمران ٹولے نے اسے اپنی شاہ خرچیوں اور عیاشیوں پر لٹایا اور ملک کے بچے بچے کو ان قرضوں میں جکڑ دیا ۔

انہوں نے کہاکہ  آج حکمرانوں کے بجائے ساری قربانیاں عوام سے لی جا رہی ہیں ۔ بجلی ، گیس ، پیٹرول سمیت ہر چیز مہنگی کر دی گئی ہے اور حالیہ اضافے و ظالمانہ منی بجٹ نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ ہر چیز پر ٹیکس لگا دیا گیا ہے ، حکمرانوں کی عیاشیوں اور شاہ خرچیوں کو کم کرنے کے بجائے عوام کو دی جانے والی سبسیڈی کم سے کم کی جارہی ہے ۔ پیٹرول کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے سے جن اشیاء پر براہ راست ٹیکس نہیں لگایا گیا ہے ان کی قیمتیں بھی بڑھ جائیں گی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے