لاہور: امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ 75 سال میں 23ویں مرتبہ حکمران آئی ایم ایف کے سامنے جھولی پھیلائے کھڑے ہیں،پچھلے تو کہتے تھے قبر میں سکون ہے، انہوں نے تو قبر کا سکون بھی چھین لیا ہے۔
حافظ سعد حسین رضوی نے کہاکہ صرف ایک سال میں ملکی قرضہ 23 فیصد بڑھ گیا، غریب کو اس حد تک نچوڑ دیا گیا کہ وہ احتجاج کا بھی سوچنے سے قاصر ہے کہ شام کو کھانا کہاں سے کھائیں گے؟
حافظ سعد رضوی نے کہا کہ اب بس ہو چکی ہم مذہبی معاملات کیساتھ ساتھ اب قوم کیلئے نکلنے پر بھی مجبور ہو گئے ہیں،72 گھنٹوں کا الٹی میٹم دے رہا ہوں، اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں واپس نہ لی گئی تو تحریک لبیک وہ کرے گی جس کی وجہ سے ہماری پہچان ہے۔
انہوں نے کہاکہ اگر اتنے ہی مشکل حالات ہیں تو جو روزانہ لاکھوں لیٹر پیٹرول سیاستدانوں اور سرکاری افسران کی گاڑیاں پی رہی ہیں وہ ختم کریں، موجودہ حکمران اب آئی ایم ایف کو ایٹمی پلانٹ اور ہتھیار وزٹ کروانے کا بھی سوچ ر ہے ہیں ، 75 سال سے ملک پر مسلط حکمران ملک و قوم کی حالت نہیں بدل سکے لیکن حکومت میں آنے کے فوری بعد ان کی حالت چند مہینوں میں بدل جاتی ہے۔
