اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ راناثناء اللہ کا کہنا ہے کہ جیل بھروتحریک شروع ہونے سے پہلے ہی ناکام ہوگئی۔
اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران راناثناءاللہ کا کہنا تھاکہ جیل بھرو تحریک اپنی نمائش کے پہلے گھنٹے میں ہی مسترد کردی گئی، 3 گاڑیوں میں بس 80 کے قریب لوگ ہی بھرسکے۔ عمرانی ٹولے کے 3،4 لوگ قابو میں آگئے، عمران خان کو غلط فہمی ہے کہ عوام اس کے ساتھ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں، اگر ملک کو کوئی یر غمال بنانا چاہتا ہے تو ہم ایسا نہیں کرنے دیں گے، فتنے نے جو بھی فساد پھیلانے کا طریقہ کار اختیارکیاعوام نے مسترد کیا۔ ہم تمہیں سیاسی مخالف سمجھتے تھے، اگر تم ہمیں اپنا دشمن سمجھتے ہو تو ہم بھی تمہیں اپنا دشمن سمجھیں گے، تم نے سیاسی مخالفت کو سیاسی دشمن میں تبدیل کردیا۔
رانا ثناء کا کہنا تھا کہ عمران خان کو مل بیٹھ کر بات کرنے کی پیشکش بھی کی گئی، ہم سے بات نہیں کرنا چاہتے تو ہم سے بھی توقع نہ رکھو۔ عمران خان نے توشہ خانہ کی چوری کا آج تک جواب نہیں دیا، پورا توشہ خانہ چوری ہوکر تمہارے گھرآجاتاہے تمہیں پتہ نہیں چلتا، عمران خان حکومت سنبھال کر توشہ خانہ لوٹنا چاہتے ہیں۔

