اسلام آباد:پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی کی لہر اور دنیا کی بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ہندوتوا فاشسٹ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ بہادر کشمیری ہندوستانی غلامی کا طوق ہر قیمت پراتار پھینکیں گے۔
مشعال ملک نے کہا کہ آذربائیجان کی طرف سے بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف کشمیر کی آزادی کی جنگ کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان کے عوام اور حکومت نے ہمیشہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی مکمل حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی کے لوگوں نے ہمیشہ اسی انداز میں جواب دیا اور آذربائیجان کے خلاف آرمینیائی مسلح افواج کی جارحیت اور خاص طور پر المناک نسل کشی کی شدید مذمت کی جو کہ آذربائیجان کے خلاف آرمینیائی قوم پرستوں کی نسل کشی کا خونی باب ہے۔
مشعال ملک نے کہا کہ آرمینیائی افواج کی طرح فاشسٹ بھارتی افواج نے بھی اپنی وحشیانہ پولیس کے ساتھ اجتماعی قتل و غارت گری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا اور نہتے کشمیریوں کا بے دردی سے قتل عام کیا ہے، بھارتی قابض افواج نے کشمیریوں کی زندگیوں کو جہنم بنا دیا ہے،بربریت اور غیر انسانی کارروائیوں کی تمام حدیں پار کر دیں۔
انہوں نے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی طاقتوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں پیدا ہونے والے انسانی بحران کے بارے میں نہ سخت رویہ اپنایا اور نہ ہی ہندوتوا حکومت کے خلاف کوئی کارروائی کی۔
