English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاک امریکا تعلقات کو وسعت دینے کی ضرورت ہے، صدر مملکت

human rights

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلیم، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مزید تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک میں ان شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی زبردست صلاحیت موجود ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیلیفورنیا کی ریاستی اسمبلی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس نے کرس ہولڈن کی قیادت میں جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ اور وسیع البنیاد تعلقات ہیں جنہیں دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے 9 جنوری 2023 کو پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان سسٹر سٹیٹ ریزولوشن پر دستخط کرنے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں امریکی سرمایہ کاری اور کاروبار کو راغب کرنے کی بڑی صلاحیت ہے جو دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو بڑھانے میں مدد فراہم کرے گی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ وفد کا دورہ پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کے ساتھ ساتھ دیگر اراکین اسمبلی کو پاکستان کا دورہ کرنے کی ترغیب دے گا۔صدر مملکت نے دونوں ممالک کی یونیورسٹیوں کے درمیان تعاون کو بڑھانے اور طلبا کے تبادلوں کو فروغ دینے کے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

تعلیم کے شعبے میں تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے صدر نے تجویز پیش کی کہ امریکی یونیورسٹیاں پاکستانی طلبا کو لائیو لیکچر فراہم کر سکتی ہیں۔ انہوں نے خواتین کو سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے وفد کو بیگم ثمینہ علوی کی کاوشوں سے آگاہ کیا جو پاکستان میں چھاتی کے کینسر کے بارے میں شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے