کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ10 مارچ کو ہم الیکشن کمیشن کے دفتر پر دھرنا دینگے، جب تک ان ۱۱ یوسیز کے الیکشن کا اعلان نہیں ہوگا، ہم پورے ملک میں دھرنے دینگے،جب تک فیصلہ نہیں ہوگا ہم نہیں اٹھینگے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اس وقت الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کی بی ٹیم بنا ہوا ہے، جعل سازی کر کے جماعت اسلامی کے نمبر کم کر دیے گئے، ہمارے نمبرز کم کرنا پیپلز پارٹی کا کام ہے، کیسے پی ٹی آئی بھی وہی کام کر رہی ہے جو پی پی نے کیا، ہم میں تو ظرف ہے کہ ہم پی ٹی آئی کی بھی بات کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی کا جیالا میئر لانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ یہ نمبرز تبدیل کر سکتے ہیں، تاخیر کر سکتے ہیں مگر کراچی پی پی کا نہیں، پیپلز پارٹی کو بھی بتایا کہ وہ کراچی نہیں جیت سکتی، کراچی کی عوام سمجھتی ہے اب کراچی کے حالات بہتر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ خود کو عوام کا چیمپئن کہنے والے اپنی جماعت میں جمہوری نہیں، بلدیاتی الیکشن کروانے کے پیچھے صرف جماعت اسلامی تھی، اس وقت عوام عجیب سی کیفیت میں مبتلا ہیں، مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے، ہر چیز عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ حکومت اپنا کام ٹھیک سے نہیں کر رہی،کراچی کی عوام سمجھتی تھی اب کراچی کے حالات کچھ بہتر ہو جائینگے، لوگوں نے بلدیاتی الیکشن میں بڑی تعداد میں ووٹنگ کی، جماعت اسلامی کو بڑا مینڈیٹ دیا، لیکن پیپلز پارٹی نے دھاندلی کی۔
انہوں نے کہاکہ کیاالیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کے نمبر بڑھانے کے لئے اسکا ساتھ دے رہا ہے، حکومت ریاستی دہشت گردی کر رہی ہے اور الیکشن کمیشن سہولت کار بنا ہوا ہے، افسوس کی بات یہ ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگوں نے بھی زیادتی کی ہے، لیاقت آباد کی یوسی پر پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی والا کھیل کھیلا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کہہ چکے ہیں ہم جماعت اسلامی کا ساتھ نہیں دینگے اسکا مطلب ہے وہ پیپلز پارٹی کا ساتھ دینگے۔
انہو ں نے مزید کہا کہ ڈجیٹل مردم شماری پر اعترازات ہو رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں جو جہاں ہے وہاں گنا جائے، گڈاب میں خواتین کو مردم شماری کے لئے بھیجا اور کوئی پوچھنے والا نہیں،اسکی ذمہ دار پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم ہے،انہوں نے جعلی مردم شماری کی ماضی میں اجازت دی۔

