تہران:ایران نے کہا ہے کہ اگر امریکا حقیقت پسندی سے کام کرے تو تہران اور واشنگٹن کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ ممکن ہو جائے گا۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ارنا کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے یہ بات امریکا کی جانب سے دونوں فریقوں کے درمیان قیدیوں کے تبادلے سے متعلق ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان کا بیان مسترد کیے جانے کے ردعمل میں پیر کو ہفتہ وار پریس کانفرنس میں کہی۔
کنعانی نے کہا کہ ایران ایک انسانی مسئلہ کے طور پر امریکا کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے لیے تیار ہے، قیدیوں کے تبادلے کے معاملے پر تہران اور واشنگٹن کے درمیان ثالثوں کے ذریعے بات چیت جاری ہے۔قیدیوں کے تبادلے جیسے بعض امور کے حوالے سے ہم پہلے ہی (امریکہ کے ساتھ) معاہدے پر پہنچ چکے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال مارچ میں دونوں فریقوں نے ایک تحریری معاہدے کو حتمی شکل دی تھی جس پرامریکی فریق نے دستخط کیے تھے۔ کنعانی نے کہا کہ معاہدے کے تحت امریکا نے 2015 کے جوہری معاہدے کی بحالی اور تہران پر سے پابندیاں ہٹانے سے متعلق بات چیت کے نتائج سے قطع نظر قیدیوں کے تبادلے پر اتفاق کیا لیکن امریکیوں نے بعد میں اس معاملے کو جوہری مذاکرات سے جوڑ دیا۔

