English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

صدر عارف علوی نے انتخابات میں تاخیر کی قیاس آرائیاں مسترد کردیں

speculations

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انتخابات میں تاخیر کی قیاس آرائیوں کو مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ نتخابات میں تاخیر نہیں ہوگی ۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پختہ یقین ہے کہ انتخابات وقت پر ہوں گے، بروقت انتخابات سے ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال میں بہتری کی راہ کھلے گی، ان خیالات کا اظہارانہوں نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز ( سی پی این ای )کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے پاکستان کے آئین کی پاسداری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہماری تاریخ ثابت کرتی ہے کہ انتخابات میں تاخیر سے جمہوریت کو نقصان پہنچا۔ گورنر خیبرپختونخوا ایک جمہوری شخص ہیں ، انہوں نے گورنر کو آئین اور سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کا مشورہ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت صدر اپنا آئینی کردار ادا کررہا ہوں، سپریم کورٹ نے بھی فیصلوں کی توثیق کی، اختلافات کم کرنے اور سیاسی جماعتوں میں مفاہمت کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ ملک کی خاطر کسی بھی شخص یا سیاسی جماعت سے ملنے کو تیار ہوں، پی ٹی آئی کی قیادت کو بھی دیگر سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کرنے کا کہا، حکومت کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پختہ یقین ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا، بہتر اور موثر مالیاتی انتظام ملک کو درپیش معاشی مشکلات پر قابو پانے میں مدد دے سکتا ہے۔ صدر نے کہا کہ کرپشن کے خلاف ہوں کیونکہ اس نے پاکستان کو بری طرح نقصان پہنچایا، اسی لیے نیب ترمیمی بل واپس کیا۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ فیصلہ سازی میں تاخیر، میرٹ کی خلاف ورزی، اقربا پروری اور کرپشن نے پاکستان کو کھوکھلا کیا، میڈیا سچے اور ذمہ دارانہ تجزیے اور آرا پیش کرکے لوگوں کو تعلیم دے۔ نئے میڈیا کے عروج کے باوجود پرنٹ میڈیا اب بھی لوگوں کی رائے تشکیل دینے اور اہم مسائل سے آگاہ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔پاکستان میں اظہار رائے کی آزادی کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے