English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سیکرٹری دفاع اور آئی جی پنجاب کی الیکشن سیکورٹی سے معذرت

high risk of clash

اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ آئی جی پولیس اور چیف سیکرٹری پنجاب نے 30 اپریل کو الیکشن کے لیے فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے سے معذرت کرلی ہے۔

وزارت دفاع نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو آگاہ کیا ہے کہ ملکی حالات کے باعث اس وقت پاک فوج الیکشن ڈیوٹی کے لیے دستیاب نہیں۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری اور ایڈیشنل سیکرٹری دفاع نے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں آئی جی پنجاب نے صوبے میں سیکیورٹی انتظامات پربریفنگ دی اور بتایا کہ پولیس اس وقت مردم شماری کرنے والوں کے ساتھ ڈیوٹی کررہی ہے جبکہ رمضان میں بھی پولیس اہلکاروں کی اضافی ڈیوٹی ہوگی۔

آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ الیکشن 2018 کے دوران 3 ہزار 330 انتخابی مہم کے پروگرامات کا انعقاد ہوا، الیکشن کیلئے پولیس کے ساتھ ساتھ پاک فوج کے اہلکاروں کی تعیناتی انتہائی ضروری ہے۔چیف سیکریٹری پنجاب نے بریفنگ میں بتایا کہ اس وقت 40 ہزارٹیچر مردم شماری کی ڈیوٹی پر مامور ہیں، موجودہ حالات میں صاف شفاف انتخابات کرانا ممکن نہیں۔

سیکریٹری دفاع نے الیکشن کمیشن کوملک بھر میں سیکیورٹی صورتحال پربریفنگ دی اور آگاہ کیا کہ پاک فوج کیلئے سرحدوں اور ملک کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔

اعلامیے کے مطابق ملک کے حالات، سرحدوں اور اندرون ملک فوج کی تعیناتی پر کمیشن کو بریفنگ دی گئی اور ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزارت دفاع نے بتایا کہ فوج کے بنیادی فرائض میں سرحدوں اور ملک کی حفاظت اولین ترجیح ہے، ملکی حالات کے باعث اس وقت پاک فوج الیکشن ڈیوٹی کیلئے دستیاب نہیں۔

حکام وزارت دفاع کا کہنا تھاکہ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کا اثر فوج پر بھی ہے، موجودہ حالات کے پیشں نظر فیصلہ حکومت کرے گی، حکومت کا فیصلہ ہوگاکہ فوج کوبنیادی فرائض منصبی کی انجام دہی تک محدود رکھتی ہے یا فوج کو ثانوی فرائض یعنی الیکشن ڈیوٹی پرمامورکرتی ہے۔

وزارت دفاع کے مطابق الیکشن ڈیوٹی کی صورت میں فوج کوئیک رسپانس موڈ میں دسیتاب کی جاسکتی ہے، الیکشن میں اسٹیٹک موڈ میں ڈیوٹی سرانجام دینا ممکن نہیں۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سیکریٹری دفاع نے انتخابات کی سیکیورٹی کیلئے پاک فوج کے اہلکاروں کی فراہمی سے انکار کردیا ہے، پاک فوج الیکشن کیلئے صرف کوئیک ریسپانس فورس کے طور پر فراہم کی جاسکتی ہے، پاک فوج کے جوان الیکشن کی اسٹیٹک ڈیوٹی کیلئے فراہم نہیں کئے جاسکتے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر پنجاب اسمبلی کے انتخابات کیلئے 30 اپریل کو پولنگ ہوگی، اس کے علاوہ شیڈول کا بھی اعلان کردیا گیا ہے اور کاغذات نامزدگی جمع کرائے جا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے