اسلام آباد:پٹرولیم کے وزیرمملکت ڈاکٹرمصدق ملک نے کہاہے کہ عوام کی سہولت کے لئے پاکستا ن اگلے ماہ روس سے سستاتیل درآمدکرے گاحکومت آئندہ ماہ روسی خام تیل کا پہلا آرڈر دے گی جسے پاکستان پہنچنے میں تقریبا 4 ہفتے لگیں گے۔
وفاقی وزیرمملکت نے کہاکہ اس سلسلے میں روس کے ساتھ مذاکرات کامیابی سے مکمل کرلئے گئے ہیں، تیل کی پہلی کھیپ اگلے ماہ پہنچ جائے گی، انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اس کھیپ کی درآمدکے بعد حکومت سستے نرخوں پرتیل فروخت کرسکے گی۔
بجلی اورگیس کی قیمتوں میں کمی لانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ حکومت امیر اورغریب طبقے کے لئے تیل کے مختلف نرخ متعارف کرائے گی۔
وزیرمملکت نے کہاکہ حکومت نے اس سلسلے میں حکمت عملی مرتب کرلی ہے، تیل کی نئی قیمتوں کے اعلان کے بعد غریب اور کم آمدنی والے افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھاسکیںگے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تاہم تیل کو پاکستان پہنچنے میں کچھ وقت لگے گا، تقریبا 26 سے 27 دن، ساتھ ہی بتایا کہ تیل سمندر کے راستے ملک میں پہنچے گا۔
