فیصل آباد: 20کلو آٹا کے تھیلے کی قیمت 3100 روپے سے بھی اوپر چلی گئی، ایک جانب مفت آٹے کی تقسیم جاری تو دوسری جانب آٹا متوسط طبقے کی پہنچ سے باہر ہونے لگا، صرف ایک ماہ میں آٹھے کے تھیلے کی قیمت تقریباً 1900 روپے بڑھ گئی۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا،رواں ماہ کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 120 روپے سے لے 1865 روپے تک مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات نے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمت کے اعدادوشمار جاری کردیئے،مارچ کے دوران آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1865 روپے تک مہنگا ہو گیا، ملک میں سب سے مہنگا آٹا وفاقی دارالحکومت میں فروحت کیاگیا۔
اسلام آباد میں مارچ کے دوران آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1865 روپے تک مہنگا ہوا 2 مارچ کو اسلام آباد میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1295 روپے تک دستیاب تھا، اس وقت اسلام آباد میں آٹے کا تھیلا 3 ہزار 160 روپے تک میں دستیاب رہا،دوسرے نمبر پر مہنگا آٹا راولپنڈی کے شہری خریدنے پر مجبور ہوئے۔
رواں ماہ کے دوران راولپنڈی میں آٹا کا 20 کلو کا تھیلا 1838 روپے تک مہنگا ہوا، راولپنڈی میں آٹے کا تھیلا 3 ہزار 133 روپے تک فروحت ہوا،رواں ماہ بہاولپور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1398 روپے تک مہنگا ہوا،بہاولپور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2693 روپے تک پہنچ گئی،رواں ماہ لاہور میں 20 کلو کا تھیلا 1021 روپے تک مہنگا ہوا۔
