کراچی:باکمال ائرلائن کی لاجواب انتظامیہ کا ایک اور کارنامہ سامنے آ گیا۔ پی آئی اے نے ساڑھے 8 ارب روپے کی گرانٹ کو آمدنی میں اضافے کے طور پر ظاہر کردیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق قومی فضائی کمپنی کی آڈٹ رپورٹ میں گرانٹ کا دیگر مقاصد کے لیے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔ساڑھے 8 ارب روپے کی گرانٹ کو ائرلائن کی آمدنی میں اضافہ بتایا گیا۔وفاقی حکومت نے پی آئی اے ملازمین کی رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کی مد میں بقایا جات کی ادائیگی کے لیے گرانٹ جاری کی تھی۔
اس گرانٹ کو زیادہ ٹیکس ادائیگی اور شیئر ہولڈرز کی ایکویٹی کو بہتر بنانے کے لیے پی اینڈ ایل اکاؤنٹ کی ونڈو ڈریسنگ کی گئی۔وی ایس ایس اسکیم کی گرانٹ کو دیگر مقاصد کے لیے استعمال پر آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے بھی اعتراض اٹھایا۔
آڈٹ برائے 2021-22 کے مطابق گرانٹ کو وزارت خزانہ کی منظوری کے بغیر دیگر آمدنی کے طور پر ظاہر کیا جانا متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
آڈیٹرز نے کہا کہ وزارت خزانہ سے ایئر لائن انتظامیہ کی خط و کتابت کا ریکارڈ بھی فراہم نہیں کیا گیا، آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا کہ انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ تمام اکاؤنٹنگ قوانین اوراسٹینڈرڈز ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے، تاہم انتظامیہ کو تصدیق شدہ آڈٹ کے ذریعے اپنی پوزیشن کلیئر کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

