اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو سمجھ لینا چاہیے کہ انہوں نے نظام کے اوپر جو خودکش حملہ کیا تھا وہ ناکام ہو گیا ہے اور ان کی خودکش جیکٹ ناکارہ ہو گئی ہے اوروہ جو کرنا چاہتے تھے وہ نہیں کرسکے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ عمران خان سمجھتے تھے کہ میں 25مئی کو دارالحکومت کا گھیراﺅ کر کے الیکشن کی تاریخ لوں گاوہ نہیں لے سکے، انہوں نے کوشش کی کہ انسانوں کاسمندر لا کر الیکشن کی تاریخ لیں گے وہ نہیں لے سکے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ میں اسمبلیاں توڑ کر یا خود کش حملہ کر کے تاریخ لوں گا ،نہیں لے سکے، عام انتخابات سر پر ہیں اورعمران خان نے جو پہلے غلطیاں کی ہیں انہیں دوبارہ نہیں دہرانی چاہئیں اورمذاکرات کے ذریعے جونہی اسمبلیوں کی مدت پوری ہوتی ہے الیکشن کروائیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سوچنے اورکرنے والی بات یہ ہے کہ کس طرح صاف اورشفاف الیکشن ہوں گے اوران کے نتائج کو ہارے والا بھی تسلیم کرے اورجیتنے والا بھی تسلیم کرے۔ 12جولائی اور13اگست کی میرے خیال میں کوئی اہمیت نہیں ۔
