English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پیپلز پارٹی مزدور دشمن جماعت ہے جو انہیں حقوق سے محروم کرتی ہے، حافظ نعیم

القمر

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی مزدور دشمن جماعت ہے جو انہیں، ان کے حقوق سے محروم کرتی ہے۔

امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر حق دو گوادر تحریک کے قائد اور کارکنان کی گرفتاری کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج کے سلسلے میں نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے تحت مزدور ریلی سے خطاب  کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آج کی مزدور ریلی حق دو گوادر تحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمن کے نام کرتا ہوں، جو ماہی گیروں اور مزدوروں کے حقوق کے لیے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حق دو گوادر تحریک مزدوروں کی جدوجہد کا استعارہ ہے۔مولانا ہدایت الرحمن کی اپیل پر گوادر کے غیور عوام لاکھوں کی تعداد میں گھروں سے نکل کر احتجاج کرتے ہیں۔ مزدوروں کے حقوق کی آواز بلندکرنے پر حکمرانوں پر لرزہ طاری ہوجاتا ہے۔ آج یکم مئی مزدور ڈے کے موقع پر ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ محنت کش مزدوروں کے قائد مولانا ہدایت الرحمن کو رہا کیا جائے اور ان  کے تمام مطالبات جو کہ جائز ہیں، منظور کیے جائیں۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ ماہی گیر محنت کر کے کاروباری زندگی بسر کرتے ہیں۔ٹیکسز کے نام پر ماہی گیروں سے بھتہ وصول کیا جاتا ہے۔ سندھ حکومت ماہی گیروں سے بھتے وصول کرتی ہے لیکن انہیں کوئی سہولیات میسر نہیں ہے۔ گزشتہ 15سال سے صوبہ سندھ میں پیپلزپارٹی حکومت کررہی ہے۔ پیپلز پارٹی بتائے کہ مزدوروں کو کون سے بنیادی حقوق دیے گئے۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ  جماعت اسلامی کراچی میں رہنے والے ہر زبان بولنے والوں کی جماعت ہے۔ مزدوروں کو سوشل سیکورٹی میسر نہیں ہے، لاکھوں کی تعداد میں مزدور ٹھیکداری بنیاد پر کام کررہے ہیں۔ خواتین مزدور بھی ٹھیکیداری نظام کے تحت کام کررہی ہیں۔ پیپلزپارٹی محنت کش اور مزدور دشمن پارٹی ہے جو انہیں مستقل حقوق سے محروم کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ،وزیر محنت سعید غنی اور ناصر حسین شاہ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ محنت کش مزدوروں کو ان کے بنیادی حقوق کیوں نہیں دیے جاتے َ؟۔ وزیر محنت سعید غنی بتائیں کہ سندھ کے ہاریوں کو ان کے حقوق کیوں نہیں دیے جاتے؟۔ جماعت اسلامی سندھ کے ہاریوں اور کراچی کے مزدوروں کے بھی ساتھ ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ ابراہیم حیدری میں بنگالی اور برما زبان بولنے والوں کے شناختی کارڈ کیوں نہیں بنائے جارہے۔ نادرا کی نئی ایس او پیز کے تحت بنگالی اور برما زبان بولنے والوں کے شناختی کارڈ بننے تھے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مزدور کی مزدوری بڑھتی ہوئی مہنگائی کے تناسب سے مقرر کی جائے۔ مزدوروں کو ان کے حقوق فراہم کیے جائیں، با عزت ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے۔ سمندر میں بہت زیادہ وسائل موجود ہیں، بڑے بڑے اسمگلر کو بے نقاب کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مزدوروں کو مزدوری کا پورا حق اور محروموں کی محرومی دور کی جائے۔آصف علی زرداری یکم مئی مزدور ڈے کے موقع پر سندھ کے ہاریوں کو ان کے حقوق دے دیں۔آصف علی زرداری اگر سندھ کے ہاریوں سے محبت کرتے ہیں انہیں ان کے حقوق کیوں نہیں دیتے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے