وانا: سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع میران شاہ میں آپریشن کے دوران 7 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ ابلاغ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یکم مئی کو سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع میران شاہ کے عمومی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔
آپریشن کے نتیجے میں حافظ گل بہادر گروپ سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد کمانڈر مہتاب عرف لالہ سمیت 7 دہشت گردوں کو سیکورٹی فورسز نے کامیابی سے گرفتار کرلیا، جو دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے علاوہ معصوم شہریوں کے خلاف ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے اور اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔ اہل علاقہ نے سیکورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے میں اپنے تعاون کا یقین دلایا۔
