لاہور: امیرجماعت اسلامی لاہور ضیا ء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ ملک و قوم کے مسائل کا واحد حل دیانتدار قیادت اورانتخابات ہیں، حکومت کے پاس کوئی معاشی پالیسی نہیں صرف آئی ایم ایف سے قرض کیلئے کوشاں ہے۔
ضیاالدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہاکہ نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کے مفادات کی سیاست اور بدترین معاشی پالیسیوں نے عوام کوجن حقیقی خوشیوں سے محروم کردیا ہے وہ ان شاء اللہ اسلامی نظام کے قیام کے بعد لوٹ آئیں گی، عوام ملک و قوم کے بہتر مستقبل کیلئے اہل و دیانتدار قیادت کا انتخاب کریں۔
انہونے مزید کہا کہ جمہوریت پر یقین رکھنے والی قیادت مذاکرات کا دروازہ بند نہیں کرتی، موجودہ حالات سب پارٹیاں اور سیاستدان اپنے اپنے مفادات کیلئے سیاست کررہے ہیں کسی کو ملک و قوم کے مستقبل کی فکر نہیں ان کو فکر ہے تو صرف اقتدار کی کرسی کی۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ ان ہی ظالم حکمرانوں اور سیاستدانوں نے ہر محاذ پر غریب عوام کو مشکلات میں دھنسا دیا ہے۔ آٹے، گندم، چینی، چاول، گھی، دالیں، یوٹیلیٹی بلز سمیت ہر چیز پر ٹیکسوں کی بھر مار اور مہنگائی کے طوفان نے لوگوں کا جینا او رمرنا مشکل بنادیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 75 سالوں سے ملک و قوم پر مسلط امریکہ اور آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں نے ملک و قوم کو ڈالروں کے عوض گروی رکھا دیا ہے۔ ملک میں معاشی پالیسیاں آئی ایم ایف کے کہنے پر بنائی جارہی ہے،ہر ماہ پیٹرول اور بجلی کی قیمتیں آئی ایم ایف تعین کررہی ہے۔ کٹھ پتلی حکمران غلامی کی تمام حدیں پار کرچکے ہیں۔
