اسلام آباد:وزیربرائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فارن ایجنٹ کا بیان سن کر لگتا ہے فارن ایجنٹ نے وزیراعظم شہباز شریف کی برطانوی بادشاہ کے ساتھ ویڈیو دیکھ لی ہے۔ ملکی مسائل کا حل یہ ہے کہ تم جیل جاؤ اور ملک کے خلاف سازش، جھوٹ اور چوریوں پر تمہیں سزا ہو۔
تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ تمہارا شر، زہر، غلیظ ذہنیت، معاشرے میں عدم برداشت اور تشدد پیدا کررہا ہے، ملک کو تم جیسا فراڈ، فتنہ، فساد، انتشار اور خلفشار نہیں روٹی، روزگار اور کاروبار چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں انتہا پسندانہ رویوں کی وجہ تم ہو جس کی وجہ سے آج جتھوں کے ہاتھوں لوگوں کا قتل ہو رہا ہے، ہندوستان، کبھی کشمیر، کبھی اسلام پر گھٹیا سیاست کرتے آ رہے ہو اور آج بھی کر رہے ہو،مودی کی کامیابی کی دعائیں کرنے والے کی باتیں سنو؟
مریم اورنگزیب کاکہنا تھا کہ بے شرم ،فارن ایجنٹ نے فتنہ، فساد اور انتشار کی کال صرف چین کے وزیرِ خارجہ کو دیکھ کر دی ہے۔
