لاہور: تحریک انصاف میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات شدت اختیارکرگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات شدت اختیارکرگئے ہیں، اور پی ٹی کے 14 ناراض سابق ٹکٹ ہولڈر اکٹھے ہو گئے ہیں اور ان کے آپس میں رابطے بھی شروع ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سابق ٹکٹ ہولڈرزناراض اراکین میں بلال اسلم بھٹی،سلمان شعیب ،خالد گھرکی،ارشاد ڈوگر، طارق ثنا باجوہ ،طارق سعادت ،میجر (ر)ضمیر،علی محمد خان ،جاوید انور،امین ذکی،اعجازاحمد یوسفزئی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آٗی کے ناراض ارکان نے اجلاس بھی طلب کرلیا ہے، جس میں لاہورکی ٹکٹ کے لیے ریویو اپیلوں کو نہ سننے پرحکمت عملی بنانے پرغورکیا جائے گا۔ ٹکٹوں کی تقسیم میں 2018 میں بڑے مارجن سے شکست کھانے والے امیدواروں کو دوبارہ ٹکٹ دیا گیا۔سابق ٹکٹ ہولڈرزبہت ہی کم مارجن سے ہارنے والوں اورحلقے کی سیاست میں مسلسل محترک رہنے والوں کو ٹکٹ سے محروم رکھا گیا۔
سابق ٹکٹ ہولڈرز نے عمران خان سے ملاقات کے لیے ان کے وکیل انس ہاشمی کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پارٹی میں نظریاتی ورکرز کو نظر انداز کرنے والے مزید ارکان سے رابطے کیے گئے ہیں۔
