English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سندھ حکومت کا چاول کی کاشت پر پابندی عائد کرنیکا فیصلہ

القمر

کراچی: سندھ حکومت نے چاول کی کاشت پر پابندی عائد کرنیکا فیصلہ کرلیا۔

 وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر برائے پانی خورشید شاہ نے صوبائی وزرا کے ساتھ سیلاب کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال جس میں سیم اور دریائے سندھ کے بائیں جانب پانی کی سطح میں اضافے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور چاول کی کاشت پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا، بصورت دیگر اگر ایسا نہ کیا گیا تو زمینیں تباہ ہوجائیں گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ سیم کا مسئلہ طویل عرصے سے درپیش ہے اور حالیہ سیلاب سے اس کی صورتحال مزید گھمبیر ہو چکی ہے، جس سے پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہواہے۔

اجلاس کے شرکا نے بتایا کہ سالہا سال بہنے والی نہریں جیسے گھوٹکی فیڈر، روہڑی کینال، نارا کینال اور خیرپور ویسٹ اینڈ ایسٹ فیڈرز کے کاشتکار مکمل پابندی کے باوجود چاول کی کاشت کر رہے ہیں۔

وزیراعلی سندھ نے صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے گھوٹکی، سکھر، خیرپور، سانگھڑ، میرپورخاص، عمرکوٹ، بینظیر آباد، نوشہرو فیروز، مٹیاری، حیدرآباد، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان (جزوی) اور بدین (جزوی ) کے اضلاع میں چاول کی فصل کی کاشت پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔

 مراد علی شاہ نے محکمہ آبپاشی کو بروقت پانی چھوڑنے کی ہدایت کی تاکہ دریائے سندھ کے بائیں کنارے کے کاشتکار دوسری فصلیں اگاسکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے