راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے علاقے میں خودکش بم بار نے خود کو دھماکے سے اُڑا لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 24 مئی کو شمالی وزیرستان کے ضلع دتہ خیل کے عام علاقے میں خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے نائیک سید اللہ شاہ ، سپاہی جواد خان ، خیبر پختونخوا پولیس ڈیپارٹمنٹ کے کانسٹیبل حکیم جان اور ایک بے گناہ شہری شہید ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خودکش حملہ آور نے ایک عوامی اجتماع کو نشانہ بنانا تھا۔ سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کی جانب سے فوری جوابی کارروائی کے نتیجے میں ایک بڑی تباہی سے بچا لیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر خودکش حملہ آور کی گاڑی کو شک کی بنیاد پر روک لیا۔ فورسز نے متعدد معصوم جانوں کو بچانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کردیا۔ پاکستان کی سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر فوجیوں اور معصوم شہریوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔