ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

مدینہ جانے والی پرواز 30گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار، عازمین حج پریشان

اسلام آبادانٹرنیشنل ائرپورٹ سے عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ جانے والی سعودی ائرلائن کی پرواز 30گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکارہونے سے مسافر شدید ذہنی کرب میں مبتلاہو گئے۔

مسافروں میں عازمین حج کی بھی بڑی تعداد شامل ہے، جن میں بزرگ، خواتین و بچے بھی ہیں، جو ائرپورٹ پر انتظار کی زحمت اٹھانے پر مجبور ہیں۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ سعودی ائرلائن کی پرواز نمبر ایس وی 3723نے اپنے شیڈول کے مطابق بدھ کی صبح 10 بجے مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہونا تھا۔ 

پرواز کے ذریعے بڑی تعداد میں عازمین حج بھی حجاز مقدس روانہ ہونے کے لیے تیار تھے کہ چند گھنٹے پہلے ہی ائرلائن انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کو پیغامات و فون کالز کے ذریعے آگاہ کیا گیاکہ پرواز شام 6بجے روانہ ہوگی۔

مسافر 3گھنٹے پہلے دن ڈھائی بجے ائرپورٹ پہنچے اور پرواز نمبر ایس وی 3723 کے لیے مسافروں کی بورڈنگ شروع کرتے ہوئے پاسز جاری ہونے کے بعد بھی شام 6 بجے پرواز روانہ نہ ہوسکی۔

 مسافر ڈیپارچر لانج میں بیٹھ کر انتظار کرتے رہے۔ کئی گھنٹے بعد مسافروں نے طیارے میں سوار نہ کرائے جانے کے متعلق دریافت کیا تو عملے نے بتایا کہ طیارہ ہی نہیں پہنچا۔مسافروں کوایک بار پھر بتایا گیا کہ اب پرواز رات ایک بجے روانہ ہوگی ،جس پر بورڈنگ مکمل ہونے اور سامان بک ہونے کے باعث مسافروں نے ائرپورٹ ہی پر انتظار شروع کردیا۔ 

جیسے ہی پرواز کے لیے دیاگیا نیا وقت قریب پہنچا تو ائرلائن عملے نے مسافروں سے کہا کہ اب پرواز جمعرات کی شام 5 بجے روانہ ہوگی، جس پر مسافروں میں شدید بے چینی پھیل گئی۔ائرپورٹ پر پھنسے عازمین حج اور دیگر مسافر سخت ذہنی اذیت میں مبتلا ہو گئے۔

 مسافروں کا کہنا تھا کہ مسلسل انتظار کرانے کے بعد ائرپورٹ حکام و ائرلائن انتظامیہ کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ اب قیام کے لیے ہوٹلز کا بندوبست کیا جا رہا ہے ۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں