ابوظہبی:کئی برس کی کشیدگی کے بعد متحدہ عرب امارات(یو اے ای) اور قطر نے اپنے دوطرفہ سفارتی تعلقات بحال کرتے ہوئے اپنے سفارتخانے دوبارہ کھولنے کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 6 سال قبل دونوں خلیجی حریفوں کی جانب سے علاقائی ناکہ بندی کے دوران کشیدگی کے باعث تعلقات منقطع ہوگئے تھے۔وسائل سے مالا مال بادشاہتوں نے تقریبا چار سالہ سفارتی اور نقل و حمل کی ناکہ بندی کے خاتمے کے بعد جنوری 2021 میں دو طرفہ ریاستی تعلقات بحال کردیے تھے جب کہ ناکہ بندی نے چھوٹے سے ملک قطر کو دنیا سے الگ تھلگ کردیا تھا۔
متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (وام) پر جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات اور قطر کی ریاستوں نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی نمائندگی بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک دوحہ میں موجود متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے اور ابوظہبی میں موجود قطر کے سفارت خانے اور دبئی میں اس کے قونصل خانے میں دوبارہ کام شروع کر رہے ہیں۔
