لاہور:سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہا ہے کہ حکومت فی الفور ریلوے ملازمین کی تنخواہیں ادا کرے، 67ہزار حاضر سروس ملازمین اور ایک لاکھ سے زائد پنشنرز کو تاحال مئی کے مہینے کے واجبات ادا نہیں کیے گئے۔
امیر العظیم نے کہاکہ عیدالاضحی سر پر آ گئی ہے جب کہ ملازمین کے گھروں میں فاقوں کی نوبت ہے۔ حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں ریلوے سمیت دیگر قومی اداروں جو ملک کی شان تھے کا بیڑہ غرق ہو گیا۔ ریلوے مسلسل خسارے میں ہے اور ملازمین کی تنخواہوں میں تاخیر معمول بن گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ حکمران ایک طرف جھوٹے وعدوں اور اعلانات سے عوام کو گمراہ کرنے کے مشن پر گامزن اور دوسری جانب ذاتی مفادات کے لیے برسرپیکار ہیں، قوم اور ملک کی کسی کو پروا نہیں۔ جماعت اسلامی ریلوے ملازمین اور عوام کے حقوق کے لیے بھرپور آواز اٹھاتی رہے گی، اس سلسلے میں ہم ایوانوں، عدالتوں اور چوکوں چوراہوں احتجاج جاری رکھیں گے۔
