اسلام آباد: لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہونے کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
موسم خوشگوار ہونے سے شہریوں کے گرمی سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے،لاہور کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ ، ڈیوس روڈ، عبدالکریم روڈ، کینال روڈ شملہ پہاڑی اور ملحقہ علاقوں میں بادل برسے، گڑھی شاہو، شالیمار اور باغبانپورہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
تیز ہواؤں اور بارش کے باعث حبس کا زور ٹوٹ گیا ہے، کالے اور گھنے بادل چھانے سے سرشام ہی اندھیرا چھا گیا، موسلادھار بارش کے باعث عبدالکریم روڈ، لاہور ہوٹل اور دیگر نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔
اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، شکر گڑھ، جہلم، گجرات، نارووال سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی جس کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں، تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔
واضح رہے محکمہ موسمیات نے 25 سے 30جون تک بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے جبکہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے موسلادھار بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
