لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے مہنگائی کی پسی عوام پر مزید 215 ارب روپے کے نئے ٹیکسز کی تیاری کو عام آدمی کا معاشی قتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ان کی مشکلات میں اضافے کا سبب بن رہی ہیں۔
ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہاکہ وفاقی حکومت عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہی ہیں جبکہ صوبائی حکومت اپنی بدانتظامی کی وجہ سے شہریوں کیلئے وبال جان بنی ہوئی ہے۔ چند گھنٹوں بارش نے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا پول کھول دیاہے۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ بارش کے بعد شہر کی گلیاں، محلے، سٹرکیں اور انڈرپاسز ندی نالوں کا منظر پیش کررہے ہیں، شہر بھر کے نشیبی علاقوں، مین سڑکوں اور انڈر پاسز میں نکاسی آب کا نظام بوسیدہ ہونے وجہ سے نظام زندگی اورٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہاکہ بارش کے بعد اکثر علاقوں میں بجلی کانظام بھی درہم برہم ہوچکا ہے۔ سینکڑوں فیڈرز ٹرپ اورمتعدد ٹرانسفارمر جلنے سے کئی علاقوں کے گلی، محلے اور بازار بجلی کی سہولت سے محروم ہیں۔
ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ جابجا گندگی اور غلاظت کے ڈھیرلگے ہوئے ہیں،گٹر اُبل رہے ہیں،نالیاں بہہ رہی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے بے بسی کی تصویر بنے کچھ کرنے سے قاصر دکھائی دے رہے ہیں ۔
امیر جماعت اسلامی لاہور نے پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر بارشوں کے پیش نظرنکاسی آب اور صفائی ستھرائی کیلئے خصوصی پلان تشکیل دیا جائے۔ شہر بھر میں قربانی کے جانوروں کی آلائشیوں کو بروقت سمیٹنے کیلئے ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور شہریوں میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔
