اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آئندہ کے بجٹ میں عام آدمی پر ٹیکسوں کا بوجھ نہیں ڈالا گیا،ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں،نفرت اور انتشار پھیلانے اور جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والوں کا مکرو چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ ملک کو درپیش چیلینجز سے نکالنے کے لیے اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔ موجودہ اتحادی حکومت ملک کو درپیش مسائل کے حل کے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔حالیہ بجٹ میں مالی مشکلات کے باوجود عام آدمی کو ریلیف دیا گیا ہے اور ان پر ٹیکسوں کا بوجھ نہیں ڈالا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو تحریک انصاف کے شرپسند عناصر نے شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی اور جناح ہاؤس سمیت اہم تنصیبات کو نقصان پہنچا ان واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، 9مئی کو ملک میں نفرت اور انتشار پھیلانے اور جھوٹا پروپیگینڈا کرنے والوں کا مکرو چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے ۔
