گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے پاکستان اور ترکیہ کے دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پرزور دیا ہے۔انہوں نے یہ بات پاکستان میں ترکیہ کے سفیرمہمت پاچاجی سے لاہور میں ملاقات کے دوران کہی۔
گورنرنے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں ترقی کرنے کے لئے ہمیں ترکیہ میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہونے والی ترقی سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے برادرانہ اور تاریخی تعلقات ہیں اور دونوں ملکوں نے ہمیشہ بین الاقوامی فورمزپر ایک دوسرے کی حمایت کی ہے۔
گورنر نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو ان کے دوبارہ انتخاب پرمبارکباد دی۔ترک سفیر نے پاکستان کی طرف سے زلزلہ زدگان کی مدد کرنے پر وزیراعظم شہبازشریف کا خصوصی شکریہ اداکیا۔ترک سفیر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلیم کے شعبے میں طلباء اور اساتذہ کے وفود کے تبادلے کے پروگرام کومزید بہتربنایا جارہاہے۔
انہوں نے کہا کہ ترک کمپنیاں پاکستان میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کررہی ہیں جبکہ پاکستان میں زراعت، ٹیکنالوجی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جائے گا۔
