اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے وزارتِ تجارت کی سفارش پر افغانستان میں خوراک کی فراہمی کے آپریشن کو جاری رکھنے کے لیے ورلڈ فوڈ پروگرام کی گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس کے ایک کنٹینر کی پاکستان کے راستے کراچی سے کابل تک ٹرانزٹ کی اجازت دے دی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میںآئی ایم ایف کے ساتھ 3 ارب ڈالرکے معاہدے کے خدوخال پر بریفنگ دی گئی ۔کابینہ نے نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کے لیے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بل کو کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹیو کیسسز میں بھیجنے کی اصولی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے پرائیویٹ سیکورٹی سروسز ریگولیرٹری بل 2023 کو سی سی ایل سی میں بھیجنے کی اصولی منظوری دے دی۔ اس بل کے تحت سیکورٹی کے نظام کی باضابطہ نگرانی کے لیے پرائیویٹ سیکورٹی سروسز ریگو لیٹری اتھارٹی قائم کی جائے گی۔
وفاقی کابینہ نے پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی قائم کرنے کے لیے قانون سازی کی اصولی منظوری دے دی تاہم ہدایت کی کہ وزارت تجارت کی مشاورت کے بعد قانون سازی کا مسودہ سی سی ایل سی بھجوایا جائے۔