اسلام آباد: پیپلز پارٹی نے وضاحت کی ہے کہ اتحادی جماعتوں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے درمیان دبئی میں ہونی والی ملاقات میں تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
وفاقی وزیر شازیہ مری کی طرف سے ایسا بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب یہ رپورٹس آئیں کہ دبئی میں دونوں اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں متعدد مسائل بشمول نگران حکومت کے لیے نام اور اگلے انتخابات میں دونوں جماعتوں کے کامیاب ہونے کے بعد اقتدار میں آنے کے فارمولے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملاقاتوں کے دوران معاہدوں اور اس کے نتیجے میں ہونے والے اختلافات کی تمام خبریں محض قیاس آرائیاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ دبئی میں ہونے والی ملاقاتوں کے میں تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
شازیہ مری نے سینیٹ چیئرمین بل 2023 پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے بل پرعدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔