اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی افراد کو مالی طور پر بااختیار بنانے کے لیے سرکاری اور نجی شعبوں میں روزگار دلانے کی کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مارکیٹ میں مختلف ملازمتوں کے لیے خصوصی افراد کی موزونیت کا تعین بین الاقوامی معیارات کے مطابق کیا جانا چاہیے۔
صدر مملکت نے کہاکہ ہنر مند خصوصی افراد کی ملازمت کے لیے ممکنہ آجروں کی نشاندہی کی جانی چاہیے اور پہلے مرحلے میں نجی شعبے میں بڑے آجروں سے رابطہ کیا جانا چاہیے تاکہ ان کی مہارت کے مطابق انہیں ایڈجسٹ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری اور صنعتی شعبوں میں خصوصی افراد کی نمائندگی بڑھائی جائے تاکہ انہیں ملک کا پیداواری شہری بنایا جا سکے۔
صدر نے قومی اور صوبائی سطحوں پر بین الاقوامی معیارات اور بہترین طریقوں کے مطابق تیار کردہ معذوری کی درجہ بندی کے فریم ورک کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
