کراچی: امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ پرگہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ قیامت خیز گرمی کے باوجود 8سے15گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ عوام کے ساتھ سراسر ظلم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ بجلی ،گیس، پانی زندگی کی بنیادی ضروریات ہیں جس کو پورا کرنا حکومت وقت کی اولین ذمہ داری بنتی ہے مگر حکومتی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے کراچی تا کشمور کے عوام بجلی، پانی اور گیس کی صورتحال کی وجہ سے سخت اذیت سے دوچار ہیں۔
محمد حسین محنتی کا کہنا تھا کہ بجلی کی بندش کی وجہ سے دادو سول اسپتال میں 6معصوم بچے جان کی بازی ہار گئے جب کہ بجلی کی بندش سے گھروں میں معصوم بچوں سمیت خواتین اور بزرگ شہریوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔
صوبائی امیر جماعت نے وزیراعلیٰ سندھ ،وزیر توانائی سندھ سے مطالبہ کیا کہ بجلی کی بندش وبدترین لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے کر سندھ میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے، لائن لاسز اور کرپشن کے خاتمے کے ساتھ عوام کا خون چوسنے والی بجلی کمپنیوں کو لگام دی جائے۔
