لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس نے کہا کہ ہم سب کو اپنے اہل و عیال اور عزیز و اقارب کو دوزخ کے عذاب سے بچانے کے لیے عملی جدو جہد کرنا ہو گی۔اسلامی آداب،نیکی اور بدی کا تصور اور اپنے تمام فرائض کی ادائیگی کا احساس و شعور اہل و عیال کے لیے سب سے بڑا اور قیمتی ترین ہدیہ ہے۔
حافظ محمد ادریس نے کہاکہ ہم مسلمان ہیں تو پھر پوری زندگی اسلامی حکام کے مطابق گزارنا چوائس نہیں فرض ہے، دنیا میں امن اسی وقت قائم ہو سکتا ہے جب انسان اپنے خالق و مالک کی حکمرانی کو تسلیم کر لیں۔
انہوں نے کہاکہ اللہ نے اپنے نبیوں کے ذریعے پوری انسانیت تک اپنے احکام پہنچائے۔حضرت محمد ۖ پر نبوت و رسالت کا سلسلہ مکمل ہو گیا۔آپ ۖ کے بعد کوئی بھی شخص نبوت کا دعوی کرے یا ایسے کسی شخص کی پیروی کرے تو وہ دائرہ اسلام سے خارج ہے۔
حافظ محمد ادریس نے کہا کہ پیغمبر اسلام ۖ نے ہر انسان کے بنیادی حقوق کی ضمانت دی خواہ وہ مسلمان ہو یا غیر مسلم،اس کے ساتھ آپ ۖ نے یہ بھی فرمایا کہ مقدسات کی بے حرمتی کا جرم نا قابل معافی ہے۔قرآن پاک اللہ کا کلام ہے اس کی بے حرمتی گویا خود اللہ کی بے حرمتی کے مترادف ہے۔