لاہور : امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر بجلی کی قیمت میں 1روپے 24پیسے اضافہ کی منظوری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نااہل اور ظالم حکمرانوں نے آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر عمل درآمد کرتے ہوئے مہنگائی کی ستائی عوام پر بجلی بم گرا کرعوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔
ضیاالدین انصاری نے کہاکہ بجلی کی قیمت میں اضافہ سے صارفین پر 46 ارب 54 کروڑروپے کا اضافی بوجھ قابل مذمت ہے۔ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے غریب اور مڈل کلاس لوگوں کے گھر کا دوو قت کا چولہہ بند ہوگیاہے۔ ناہل او رظالم حکمرانوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ موجودہ اور سابقہ حکمرانوں نے عوام الناس کوزندہ درگور کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا، ظلم کی انتہا ہے کہ آٹے اور چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے۔ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا اٹھائیس سو روپے تک جاپہنچا ہے۔ مڈل کلاس طبقے کیلئے دو وقت کی روٹی مشکل ترین امر بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم نے عوام کو دھوکہ دیا ہے، کفایت شعاری کا درس دینے والے سرکاری خرچے پر عیاشیاں کر رہے ہیں، ملک و قوم قرضوں کی دلدل میں دھنستے چلے جا رہے ہیں جبکہ حکمرانوں کے خزانوں میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
امیر لاہور نے مزید کہا کہ استحصالی نظام کا خاتمہ نہ ہوا تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ قوم کی تقدیر اس کے اپنے ہاتھ میں ہے، قوم کو دیانتدار قیادت کا ساتھ دینا ہوگا۔حقیقی جمہوریت کے لیے حقیقی جمہوری جماعت کوموقع دیا جائے۔