کراچی: سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ ہر سیاسی جماعت کو پاکستان کے آئین میں رہتے ہوئے سیاست کی اجازت ہونی چاہیے ۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مقدمات سول کورٹس میں چلنے چاہئیں، ملٹری کورٹس میں پولیٹیکل ورکرزاور پولیٹیکل لیڈر شپ کو نہیں لے کر جانا چاہئیے، یہ بات سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کے ذمہ داران کو اپنے اصولی موقف سے آگاہ کرتے ہوئے کہی انہوں نے مذید کہا کہ خواتین پولیٹیکل کارکنان کے ساتھ وہ کچھ نہیں ہونا چاہئیے جو مبینہ طور پر بتایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انصاف کے تقاضوں کو ہر صورت پیش نظر رکھا جائے اور کسی کو دیوار سے نہ لگایا جائے، دردانہ صدیقی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی اس بار الیکشن میں اپنی کارکردگی اور عوامی خدمت کی بنا پر اچھی کامیابی حاصل کرے جماعت اسلامی کی دستک مہم عوام تک رسائی کی پر خلوص مہم ہے جس کا مقصد دلوں پر دستک دینا ہے۔
انہوں نے سویڈن واقعہ پر شدید غم وغصہ کا اظہار کیا اور ناظمات پر زور دیا کہ گلی محلوں میں قرآن مجید کی تعلیمات عام کیجئے نئی نسل اور عوام کو عامل قرآن اور حامل قرآن بنانے میں خواتین کا بڑا کردار ادا کر سکتی ہیں۔
انہوں نے مذید کہا کہ بعد ازاں ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی اسما سفیر نے پورے ملک میں جاری دستک مہم کی بریفنگ دی اور کہا کہ عام انتخابات سے قبل ان شااللہ ہر گھر پر دستک دے کر رائے عامہ کو اپنے حق میں کیا جائے گا۔
اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹریز عطیہ نثار ، رعنا فضل , آمنہ عثمان ,قائم مقام ناظمہ صوبہ عظمی عمران اور ناظمات اضلاع بھی موجود تھیں۔
