اسلام آباد: پاکستان، ازبکستان اور افغانستان کے درمیان ریلوے منصوبے کے معاہدے پر دستخط کردیے گئے۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب میں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور تینوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔منصوبے کے تحت براستہ مزار شریف( افغانستان)، خرلاچی (پاکستان) سے ترمذ ( ازبکستان) تک ریلوے ٹریک کو جوڑا کیا جائے گا۔ گیم چینجر ریلوے ٹریک سے وسطی ایشیا کو پاکستان سے جوڑنے میں مدد ملے گی۔
وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا کہ ريجنل کنیکٹیوٹی کے لیے آج ایک تاریخی دن ہے جس کی بنیاد ہم نے اس منصوبے سے رکھ دی ہے۔ یہ منصوبہ تینوں ممالک کے درمیان علاقائی، ٹرانزٹ اور دو طرفہ تجارت میں سہولت فراہم کرے گا۔
سعد رفیق نے کہا منصوبے سے خطے کے لوگوں کے درمیان روابط میں بھی اضافہ ہو گا۔ ریلوے لائن مسافروں اور مال بردار سروسز دونوں کو سپورٹ کرے گی اور علاقائی تجارت و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔
