اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم یوتھ بزنس لون پروگرام کے لیے 10 ارب روپے کی تکنیکی گرانٹ کی منظوری دے دی۔
ای سی سی نے25 نئی دواؤں کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل پرائس مقرر کرنے کی بھی منظوری دی جب کہ ایس ڈی جیز پروگرام کے لیے 47 ارب 14 کروڑ روپے کی گرانٹ منظورکی گئی ہے ۔ یہ رقم چاروں صوبوں میں خرچ کی جائے گی۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت پیر کو ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پاور ڈویژن کی ترقیاتی اسکیموں کے لیے 2 ارب 72 کروڑ روپے اورپنجاب میں گیس اسکیموں کے لیے 8 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مختلف ایجنسیوں،صوبوں اور علاقوں کو 24 لاکھ 88 ہزارمیٹرک ٹن گندم کی فراہمی کی منظوری دی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق اس سال 50فیصد گندم پاسکو اور باقی درآمدی اسٹاک سے فراہم کی جائے گی۔ گندم وصول کرنے والے اداروں کو تمام چارجز مکمل ادا کرنے اورصوبائی حکومتوں کو پاسکو کو 149 ارب روپے کے واجبات بھی ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی رولز میں ترمیم کی بھی منظوری دی گئی۔ ٹیرف ایریا سے ایکسپورٹ پروسیسنگ ایریاز میں تعمیراتی سامان درآمد کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس مقصد کے لیے فارن کرنسی کے بجائے لوکل کرنسی استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔

