کراچی: الخدمت کے رضاکار شہرقائد میں دوران بارش شہریوں کی مدد کے لیے میدان میں آگئے۔
رضاکاروں نے اورنگی ،قائدین اور گلستان جوہر میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے دوران پانی میں پھنسے لوگوں اور گاڑیوں کو نکالا اور پانی میں پھنس کر بند ہو نے والی گاڑیوں کو سڑک کے ایک جانب لے جا کر انہیں اسٹارٹ کر نے میں مدد دی ،جبکہ موٹرسائیکل سواروں کی بھی مدد کی۔
اس موقع پر شہریوں نے الخدمت کے رضاکاروں سے تشکر کے جذبات کا بھی اظہا ر کیا ۔
دریں اثنا ایگز یکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی نے کہا کہ بارشوں کے موسم میں احتیاط ضروری ہے۔ شہر ی احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں ، شہر قائد میں ہونے والی بارشوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔الخدمت نے ہمیشہ مشکل صورتحال میں شہریوں کی مدد کی ہے ۔
راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت کے پاس ممکنہ بارشوں کی خراب صورتحال میں شہریوں کی مدد کے لیے ہرضلع میں انتظامات موجود ہیں ۔کسی بھی ممکنہ صورتحال میں الخدمت کے رضاکار بھی تیار ہیں ۔

