اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اکاونٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو (اے جی پی آر) کے منشیات رکھنے کے مقدمے میں سزا یافتہ سابق ملازم کی پنشن روکنے کا حکم دیدیا۔
اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو (اے جی پی آر) کے سابق سینئر آڈیٹر کو 54 کلو گرام چرس رکھنے پر سزا سنائی گئی تھی۔ صدر مملکت نے اے جی پی آر کے سابق سینئر آڈیٹر میر محمد قمبرانی کی وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف اپیل مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ سنگین بدانتظامی یا سنگین جرم کا مرتکب ہونے پر کسی بھی سرکاری ملازم کی پنشن کو ریٹائرمنٹ کے بعد بند کیا جا سکتا ہے۔
ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق میر محمد قمبرانی(شکایت کنندہ) کو ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے بعد گاڑی میں 54 کلو چرس رکھنے کے جرم میں فوجداری مقدمے میں سزا سنائی گئی تھی۔
کوئٹہ کی خصوصی عدالت نے شکایت کنندہ کو منشیات کنٹرول ایکٹ 1997 کے تحت عمر قید بامشقت اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی ۔ بعد ازاں، اے جی پی آرنے فوجداری کیس میں سزا سنائے جانے کی تاریخ سے ملزم کی پنشن روک دی۔

