کراچی: سی اے اے نے پاکستانی فضائی حدود سے متعلق یورپی ایوی ایشن ایجنسی کی ہدایات مسترد کردیں۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے یورپی ایوی ایشن ایجنسی ایاسا کی ہدایات پر ردعمل جاری کردیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود دنیا کی تمام ائرلائنز کے طیاروں کے لیے مکمل محفوظ ہے۔
ترجمان کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستانی فضائی حدود سے متعلق 28 جولائی کو جاری یورپی ایوی ایشن ایجنسی کی جاری ہدایات کو مکمل رد کرتی ہے۔ پاکستان میں کوئی تنازع نہیں ہے۔ اس لیے پاکستان کی فضائی حدود میں طیاروں کو کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں۔
سی اے اے کے مطابق برطانیہ نے بھی پاکستان کی فضائی حدود کو طیاروں کے لیے مکمل محفوظ قرار دیا ہے۔ اسی لیے برطانوی برٹش ائرویز پاکستان میں اپنا فلائٹ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان میں تمام ائرلائنز کا آپریشن جاری ہے۔ ایاسا کی پاکستانی فضائی حدود میں 26 ہزار فٹ سے نیچے طیاروں کو خطرے کی بات بے بنیاد ہے۔ جرمنی فرانس سمیت یورپی ملکوں نے بھی پاکستانی فضائی حدود کو طیاروں کے لیے مکمل محفوظ قرار دیا ہے۔

