کراچی : ڈاکٹر عافیہ سے ملاقات اور رہائی کے عمل میں حائل رکاوٹوں کے باعث عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے4 اگست کو امریکا روانگی مؤخر کر دی ہے۔
ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو عمرے کی ادائیگی کے فوراََ بعد اپنی ہمشیرہ ڈاکٹر عافیہ سے دوسری مرتبہ ملاقات کیلئے امریکا روانہ ہونا تھا، وہ مدینہ منورہ سے اپنی بہن کو ملاقات کے دوران دینے کے لیے 2 عدد جاء نماز جس پر ڈاکٹر عافیہ کا نام کندہ ہے اورتبرکات بھی لے کر آئی ہیں۔
ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ ایک ماہ پیشتر وزارت خارجہ اور امریکا میں پاکستانی قونصلیٹ کے حکام کی جانب سے سہولیات مہیا کرنے کے باعث 20 سال بعد ان کی ملاقات ممکن ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ اب دوبارہ ملاقات اور رہائی کے عمل میں رکاوٹیں کون کھڑی کررہا ہے؟
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرخارجہ بلاول زرداری اس کا نوٹس لیں۔
واضح رہے کہ اگست کے پہلے ہفتہ میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی ایف ایم سی کارزویل جیل میں ڈاکٹر عافیہ سے ملاقات ہونا تھی مگر ڈاکٹر عافیہ کے وکیل کلائیو اسٹفورڈ اسمتھ نے ڈاکٹر فوزیہ کو اطلاع دی کہ جیل حکام نے ڈاکٹر عافیہ سے ان کی ملاقات کرانے سے انکار کردیا ہے جبکہ دوسری جانب وزارت خارجہ کے حکام نے اب تک ڈاکٹر عافیہ کے وکیل کلائیواسٹفورڈ اسمتھ کو وہ مطلوبہ دستاویزات فراہم نہیں کی ہیں جس کی درخواست انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے توسط سے کی تھی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے 13 جولائی ، 2023 ء کو جاری حکمنامے (Order Sheet) کے مطابق مطلوبہ دستاویزات 10 دنوں کے اندر ، یعنی 24 جولائی تک کلائیو اسمتھ کو فراہم کرنا تھی جس کا وعدہ فاضل ایڈیشنل سیکریٹری (امریکہ) نے فاضل ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے ساتھ عدالت میں کیا تھا۔

