لاہور: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر 6افراد کے قتل میں ملوث اشتہاری ملزم سعودی عرب سے گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اشتہاری زاہد اقبال ایک واقعہ میں 4افراد، دوسرے میں 2افراد قتل کرنے کے بعد بیرون ملک مفرور ہوگیا تھا۔
پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس اسپیشل آپریشن سیل ٹیم نے اشتہاری زاہد اقبال کو سعودی عرب میں ٹریس کرکے گرفتار کیا جسے انٹرپول کی مدد سے پاکستان لا کر نوشہرہ ورکاں پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
آئی جی پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ اشتہاری زاہد اقبال کی گرفتاری سے بیرون ملک اشتہاریوں کی مجموعی تعداد 103 ہو گئی۔
ڈاکٹر عثمان انور نے حکام کو قتل، ڈکیتی اور اغوا برائے تاوان جیسے سنگین جرائم میں بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کے لئے کریک ڈان مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

