لاہور:سرپرست اعلی الخدمت فاؤنڈیشن و امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ شہرِ لاہور کے لاکھوں نوجوان اپنے بہتر مستقبل او رنوکریوں کی تلاش میں ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن بنو قابل پروگرام کے تحت نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروائے گی۔
ضیاء الدین انصاری نے کہاکہ الخدمت فاونڈیشن کے پلیٹ فارم سے شہر کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو آئی ٹی کی مہارت کی تربیت اور تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کریں۔ انتہائی پرجوش پروگرام بنو قابل کے ذریعے نوجوان چھ ماہ میں آئی ٹی کورسز میں مہارت حاصل کرکے باعزت طریقے سے روزگار کمانا شروع کر سکیں۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کورسز کیلئے امیدواروں کو منتخب کرنے کے لیے ایک قابلیت جانچنے کے ٹیسٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔ا س پروگرام کے تحت طلباء میں تیزی سے پیداواری صلاحیتیں اور قابلِ قدر ملازمتیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ موجودہ پروفیشنل اور افراد کو اپنے کیریئر کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
الخدمت فاؤنڈیشن لاہور شہر کے قابل نوجوانوں کو ایسا بنا دے گی کہ نہ صرف وہ اپنی فیملی کو غربت کے اندھے کنویں سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے بلکہ وطنِ عزیز کے لئے زرمبادلہ کما کر قومی خدمت بھی سرانجام دیں گے۔
انہوں نے کہاکہ الخدمت بنوقابل پروگرام کی رنگا رنگ لانچنگ13 اگست کورات 9 بجے لبرٹی چوک پر پروقار تقریب میں ہوگی۔ جس میں ملک کی نامور آئی ٹی ایکسپرٹ، اساتذہ، دانشور، موٹیویشنل سپکر، صحافی حضرات سمیت ہزاروں جے آئی یوتھ کے نوجوان شرکت کریں گے۔

