کراچی:جماعت اسلامی پاکستان کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ اہل پاکستان کے لئے 14اگست کا دن تاریخی ،نظریاتی اور جغرافیائی اعتبار سے بے پناہ اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اسی دن برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں نے ایک لاکھ سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے آزاد خطہ ارضی پاکستان حاصل کیا۔
پاکستان کے76 ویں جشن آزادی کے موقع پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے درادانہ صدیقی نے کہاکہ پاکستان کی تخلیق کسی عام انسان کے دماغ کی اختراع نہیں تھی بلکہ قانون،جمہور،رائے عامہ اور ایمانی جذبے نے ایک تصور کو زندہ ریاست کا روپ عطا کیا،لہذا اب یہ لازم ہے کہ تحریک پاکستان کی لازوال روح کو پوری دلسوزی کے ساتھ نظام مملکت میں سمونے کا اہتمام کیا جائے ۔
دردانہ صدیقی نے کہا کہ پاکستان کے قیام کا بنیادی مقصد ایک آزاد مملکت کا حصول ہی نہیں بلکہ اسلامی اقدار و روایات کا تحفظ بھی تھا۔اس آزادی کے چراغ کو روشن کرنے میں لاکھوں مرد و زن کو اپنا تن من دھن قربان کرنا پڑا لیکن قافلہ آزادی رواں دواں رہا۔
انہوں نے کہاکہ قائد اعظم کے فرمان کے مطابق پاکستان کو وجود میں لانا اصل منزل نہیں بلکہ اسے نظریہ اسلام کے مطابق ڈھالنا منزل مقصود ہے۔وہ قیام پاکستان کی جدوجہد تھی اور آج تکمیل پاکستان کی جدوجہد ہے جس کے لئے پھر سے قیام پاکستان جیسے ولولے اور قربانیاں درکار ہیں۔

