English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر پہلا وار سودی نظام پر کرے گی،  سراج الحق

happiness

پشاور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ قوم میں مزید مہنگائی برداشت کرنے کی سکت نہیں۔ مرکزی و صوبائی نگران حکومتیں سیکیورٹی کی بگڑتی صورت حال اور مہنگائی پر قابو پائیں تاکہ عوام کے لیے جینا آسان ہو۔

سراج الحق نے کہاکہ   سابقہ حکومت سے معیشت بہتر نہیں ہوئی، اسمبلیوں نے بھی عوام کو ریلیف دینے کے لیے کوئی قانون نہیں بنایا، قومی خزانہ ہیوی ویٹ کابینہ، پروٹوکول، مراعات پر پانی کی طرح بہایا گیا، مجموعی طور پر گزشتہ پانچ برس قوم کے لیے ملکی تاریخ کا تلخ ترین تجربہ تھا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  دو سابق وزرائے اعظم کے دور میں جو تباہی آئی، عوام کو اس کے نتائج عشروں تک برداشت کرنا پڑیں گے، بہتری کا واحد راستہ اسلامی نظام ہے، 75برس کے تجربات سے ثابت ہو گیاکہ نام نہاد جمہوری حکومتوں اور مار شل لاز مسائل کا حل نہیں، قوم ووٹ کا درست استعمال کرے، ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کو مزید مواقع فراہم کرنا آئندہ نسلوں کو استعمار کی غلامی میں دینے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہاکہ عوام کے پاس جماعت اسلامی کی صورت میں بہترین آپشن ہے، جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر سب سے پہلا وار سودی نظام معیشت پر کرے گی، عدالتوں میں قرآن کا نظام لائیں گے۔

امیر جماعت نے سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے ایک اور واقعہ پر شدید غم و غصہ اور دکھ کا اظہار کیا اور اس بہیمانہ اقدام کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ سب کچھ اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی خاموشی کی وجہ سے ہو رہا ہے جو امت کے جذبات کی حقیقی ترجمانی میں ناکام رہے۔ عوامی مطالبات کے باوجود پاکستان سمیت کسی اسلامی ملک نے سویڈن کا سفارتی بائیکاٹ نہیں کیا۔

 انھوں نے کہا کہ شعائر اسلام کی توہین یورپ کا کلچر بن چکا ہے اسے روکنا ہو گا۔ امت کا پیمانہ صبر لبریز ہو چکا ہے، اسلامو فوبیا جاری رہا تو دنیا کا امن شدید متاثر ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ او آئی سی، اقوام متحدہ توہین مذاہب کے خلاف قانون سازی کرے۔

سراج الحق نے بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے نائب امیر مولانا دلاور حسین سعیدی کی جیل میں شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جماعت اسلامی بنگلہ دیش، شہید کے اہل خانہ اور دوستوں سے اظہار تعزیت کیا ہے اور سب کے لیے استقامت کی دعا کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے