پنڈی بھٹیاں کے قریب موٹر وے پر پک اپ وین اور مسافر بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، حادثے میں 18 مسافر جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق مسافر کوچ کراچی سے اسلام آباد جا رہی تھی کہ حادثہ پیش آگیا جبکہ پک اپ وین ڈیزل لے کر جا رہی تھی، مسافر کوچ میں 40 سے زائد مسافر سوار تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ اکثر زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، 15 مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔
ڈی پی او ڈاکٹر فہد کا کہنا ہے کہ حادثے میں بس اور پک اپ وین کے ڈرائیور بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔
ڈی ایس پی پنڈی بھٹیاں احسان ظفر نے کہا کہ صبح سوا چار بجے کے قریب پک اپ وین اور مسافر کوچ کی ٹکر ہوئی، حادثے کے بعد گاڑیوں میں آگ لگ گئی، دونوں گاڑیاں جل کر تباہ ہوگئی ہیں۔
انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سلطان علی خواجہ نے موٹروے ایم -4 بس حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کی عیادت کی۔ اس موقع پر زخمیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے متعلقہ این ایچ ایم پی کے افسران کو خصوصی ہدایات جاری کیں۔ pic.twitter.com/1cu4owxJBa
— National Highways Motorway Police (NHMP) (@NHMPofficial) August 20, 2023
گاڑی میں سوار بچ جانے والے مسافر نے بتایا کہ بس کا ڈرائیور رحیم یار خان میں تبدیل ہوا جب کہ پنڈی بھٹیاں ایم 3 پر ٹول پلازہ کے قریب گاڑی کا پٹرول لیک ہوا۔
حادثے کے بعد آئی جی موٹروے پولیس نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈی بھٹیاں کا دورہ کیا اور حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کی عیادت کی۔
اس موقع پر آئی جی موٹر وے پولیس کا کہنا تھا کہ موٹر وے پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے بروقت امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے 15 مسافروں کو زندہ ریسکیو کرلیا ہے، جبکہ حادثے میں اٹھارہ افراد جاں بحق جبکہ 15 مسافر زخمی ہوئے ہیں۔
