لاہور: امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری کہا ہے کہ صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے ٹویٹ لمحہ فکریہ ہے ، اس معاملے کی جلد از جلد تحقیقات کرواتے ہوئے اصل حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں۔ملکی سلامتی کو داو پر لگا دیا گیا ہے۔
محمد جاوید قصوری نے کہا کہ چرچز اور مسیحی برادری کے گھروں کو دیکھ کر صدمہ ہوا ،حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ریاستی ادارے امن و امان کو قائم رکھنے میں ناکام رہے، اقلیتوں کے ساتھ زیادتی کرنے والے سخت ترین سزاوں کے مستحق ہیں، پاکستان کی سلامتی کے لئے سٹرکوں پر عدالتیں قائم کرنا ایک خطرناک عمل ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ نگران حکومتیں آئینی تقاضوں کو پورا کر یں اور عام انتخابات کے انعقاد کو بر وقت یقینی بنائیں۔ الیکشن کا التواء ملک کے اندر انتشار ، افراتفری اور سیاسی محاذآرائی کو ہوا دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مطلوبہ نتائج کے لئے اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال قابل مذمت ہے ۔ نگران سیٹ اپ کو طول دینے کی کوشش کی گئی کو جماعت اسلامی عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے سٹرکوں پر بھر پور احتجاج کرے گی ۔ملک و قوم اس وقت انتہائی نازک دور سے گزر رہے ہیں۔

