اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف کیخلاف سائفر کیس کی اٹک جیل میں سماعت کیخلاف درخواست پر سماعت ملتوی کردی۔
جمعرات کو اسلام آباد ہائیکور ٹ کے چیف جسٹس عامرفارروق نے سائفر کیس کی اٹک جیل میں سماعت کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کا کہنا تھا کہ کیس کی آئندہ سماعت اگلے ہفتے ہی کر لیں گے،چیئرمین پی ٹی آئی کی وکیل شیر افضل مروت نے عدالت کو بتایا کہ یہ جلدی والا معاملہ ہے تو کیس آئندہ ہفتے دوبارہ مقرر کر دیا جائے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ میں آپ کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیتا ہوں۔
شیرافضل مروت نے کہا کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کیسز کی متعلقہ عدالت مجسٹریٹ کی ہے، جج انسداد دہشت گردی عدالت کو مقدمات کا اختیار دینا غلط ہے، استدعا ہے نوٹس جاری کرکے اس پر بھی جواب طلب کرلیا جائے۔
خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں سائفر کیس کی سماعت اٹک جیل میں کرنے کیخلاف درخواست میں سیکرٹری قانون، داخلہ، چیف کمشنر، آئی جی، ڈی جی ایف آئی اے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور اٹک جیل کو فریقین بنایا گیا۔

